اسلام آباد(وقائع نگار) چیئرمین سی ڈی اے کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے اتوار کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر انوائرمنٹ، ممبر اسٹیٹ سمیت دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔تفصیلات کے مطابق ان دوروں کا آغاز اسلام آباد کے علاقے شاہ اللہ دتہ سے کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نے جس اراضی کا حصول کیا ہے وہاں پر مناسب جگہ کو منتخب کرکے جلد از جلد ایک خوبصورت کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا منصوبہ آئیندہ میٹنگ میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ گراو¿نڈ بناتے وقت علاقے کی خوبصورتی اور ماحول کو مدنظر رکھا جائے تاکہ علاقے کی خوبصورتی اثرانداز نہ ہو۔ اس سلسلے میں متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ڈیمارکیشن کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ میں دو ہفتے بعد اس علاقے کا دوبارہ دورہ بھی کروں گا۔مزید برآں چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بدھا کیویز (غاروں) کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت جاری کی کہ اس مقام کی تزئین و آرائش ایسے کی جائے جس سے تاریخی اہمیت اجاگر ہوسکے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس مقام کا رخ کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کی پرپوزل بھی آئندہ میٹنگ میں منظوری کے لئے پیش کی جائے۔
علاوہ ازیں چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے لیک ویو پارک میں میں کڈز پلے ایریا کا بھی افتتاح کیا۔ واضح رہے متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے حال ہی میں کڈز پلے ایریا کی تزئین و آرائش اور بحالیاتی کام مکمل کیا گیا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کے افسران کے ہمراہ اورنج لائن بس میں سفر بھی کیا اور مسافروں کو درپیش مسائل بھی دریافت کئے اور انکے حل کے لئے اقدامات بھی جاری کئے۔