کراچی(سٹی نیوز)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صارم برنی شیلٹر ہوم کے بچوں کے لئے گورنر ہاوس میں ظہرانہ کا اہتمام کیا ، اس موقع پر گورنر سندھ شیلٹر ہوم میں مقیم بے سہارا بچوں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ لوڈو بھی کھیلا ۔ گورنر سندھ نے بچوں سے فردا فردا شیلٹر ہوم میں انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں. گورنر سندھ نے بچوں سے کہا ہے کہ وہ خوب دل لگا کر پڑھائی کریں،کیونکہ انہوں نے بڑے ہوکر ملک وقوم کی خدمت کرنا ہے ۔ بعد ازاں شیلٹر ہوم کے بچوں نے قرآت،نعت،ملی نغمے اور تقاریر بھی پیش کیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سماجی شعبہ میں این جی اوز کی اہمیت اور خدمات لائق تحسین ہیں، مختلف شعبوں میں صارم برنی ٹرسٹ کی خدمات سراہے جانے کے لائق ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بچوں اور بچیوں کے لئے ٹرسٹ کے شیلٹر ہومز اہم ہیں، کیونکہ ان میں انہیں پرسکون اور معیاری رہائش فراہم کی جارہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یتیم بچوں کے ساتھ ساتھ بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال بھی احسن اقدام ہے، مخیر حضرات اس طرح کے اداروں کی بھرپور مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ صارم برنی ٹرسٹ کے منصوبوں میں مکمل تعاون کروں گا۔ صارم برنی نے کہا کہ اس وقت کراچی میں ٹرسٹ کے تحت 4 شیلٹر ہوم قائم کئے گئے ہیں جبکہ مرکزی شیلٹر ہوم نارتھ ناظم آباد میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بے سہارا بچوں کو گورنر ہاس میں مدعو کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کامران خان ٹیسوری
صارم برنی شیلٹر ہوم کے بچوں کےلئے گورنر ہاﺅس میں ظہرانہ
Oct 24, 2022