میڈیا کو ہراساں کرنے اور خاموش کرنے کوششیں ختم ہونی چاہئیں: ایڈم شیف 

Oct 24, 2022


واشنگٹن(این این آئی )امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما ایڈم شیف نے کہا ہے کہ وہ یہ سن کر پریشان ہوئے کہ کشمیری فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد متو کو پلٹزر ایوارڈ وصول کرنے کے لیے امریکہ آنے سے روک دیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میڈیا کو ہراساں کرنے اور خاموش کرنے کی کوششیں ختم ہونی چاہئیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایڈم شیف ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما ہیں اور انہیں کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے قریبی ساتھیوں میں شمارکیاجاتا ہے۔ایڈم شیف نے کہاکہ میںیہ سن کر پریشان ہوا کہ کشمیری صحافی ثنا ارشاد متو کو پلٹزر ایوارڈ وصول کرنے کے لیے امریکہ آنے سے روک دیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہے اوربھارت کو اس سے مستثنیٰ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ہراساں کرنے اور خاموش کرنے کی کوششیں ختم ہونی چاہئیں۔قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ امریکہ پلٹزر ایوارڈ یافتہ صحافی کے بارے میں رپورٹس سے آگاہ ہے جسے بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدنت پٹیل نے اپنی روزانہ کی نیوز بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم ثنا متو کو امریکہ آنے سے روکنے کی خبروں سے آگاہ ہیں اوراس پرقریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایڈم شیف

مزیدخبریں