نصیرآباد(نامہ نگار)نصیرآباد انتظامیہ کا ریلوے کی سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کئی زیر تعمیر دکانیں مشینری کے ذریعے زمین بوس کردی گئیں۔ کارروائی ریلوے حکام کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنرز فلائٹ لیفٹیننٹ خالد شمس‘کیپٹن (ر)عادل اور حسنین ابڑو کی نگرانی میں کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد عائشہ زہری نے کہا کہ ریلوے کی اراضی پر قبضہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریلوے حکام اپنی اراضی پر قبضہ کرنے کی کسی کو اجازت نہ دیں اور ملوث عناصر کے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں لائیں ۔ریلوے انتظامیہ کے ملازمین کی ملی بھگت کے بغیر کوئی بھی شخص ریلوے کی اراضی پر قبضہ نہیں کرسکتا اس لیے ضروری ہے کہ تجاوزات کو گرانے کے بجائے بننے ہی نہیں دیا جائے اس عمل میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔