اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سنی اتحاد کونسل پاکستان اور متحدہ علماءبورڈ پنجاب کے 30 مفتیان کرام نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف دوبارہ اقتدار میں آکر ملک میں نظام مصطفی کا عملی نفاذ کرے۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان اور متحدہ علماءبورڈ پنجاب کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں سنی اتحاد کونسل سے وابستہ 30 سے زائد جید مفتیانِ کرام کے وفد نے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سینیٹر شبلی فراز بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی صورتحال، لانگ مارچ اور انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا کی بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کوششوں کو بھی سراہا۔ عمران خان نے مفتیانِ کرام کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انبیاءکرام علیہ السلام کے ناموس کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیے۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام کےلئے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مستحکم پاکستان عالم اسلام کی ضرورت ہے۔ علماءنوجوان نسل میں امن پسندی بیدار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ مغربی قوتیں مسلمانوں کے جذبہ عشقِ رسول سے خائف ہیں۔ مفتیان کرام کے وفد نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے متعلق عمران خان کی تاریخی قرارداد کی او آئی سی کے اجلاس سے منظوری اور 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کا عالمی دن قرار دینا عظیم کارنامہ ہے۔ تعلیمی نصاب میں قرآن و سنت، ناظرہ، ترجمہ قرآن لازمی، رحمة للعالمین اتھارٹی کا قیام اور دنیا بھر میں اسلام کا درست تشخص اجاگر کرنے اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑنا قابل ستائش اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دوبارہ اقتدار میں آکر ملک میں نظام مصطفی کا عملی نفاذ کرے کیونکہ تمام مسائلِ کا حل نظام مصطفی کے نفاذ میں مضمر ہے۔ علاوہ ازیں صاحبزادہ حامد رضا نے عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں لانگ مارچ اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کی گئی۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان اور متحدہ علماءبورڈ پنجاب کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں30 سے زائد مفتیانِ کرام کے وفد نے سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالا میں تفصیلی ملاقات کی۔
اس موقع پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سینیٹر شبلی فراز سمیت بھی موجود تھے۔ مفتیانِ کرام نے عمران خان کی اسلام کے حوالہ سے تاریخی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے عمران خان سے الگ سے بھی ون ٹو ون ملاقات کی۔ ملاقات میں لانگ مارچ اور موجودہ صورتحال پر حکمت عملی مرتب کی گئی۔ عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا کی بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کوششوں کو سراہا۔
متحدہ علماءملاقات
ملاقات بنی گالہ میں ہوئی‘ تحریک انصاف دوبارہ اقتدار میں آ کر نظام مصطفی کا عملی نفاذ کرے: علماءکرام‘ حامد رضا نے ون آن ون ملاقات بھی کی
Oct 24, 2022