اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے روانہ ہونگے۔ دورے کیلئے دعوت سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کیلیے 2 روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں جہاں اُن کی وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات شیڈول ہے۔دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سعودی وزیراعظم محمد بن سلمان کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس دورے کے بعد اگلے ماہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اسلام آباد سے سعودی عرب کیلئے آج روانہ ہوں گے۔ اس موقعے پر ان کے ہمراہ وفاقی کابینہ اراکین بھی ہوں گے۔بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی فرماں روا اور دیگر سعودی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور پاک سعودی تعلقات سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دیں گے۔