سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈکس 6 سال بعد 51 ہزار کی حد عبور کر گیا

Oct 24, 2023

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار حصص میں رونما ہونے والی تیزی سے 6 سال کے بعد پہلی بار 100 انڈیکس 51 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔ جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 54ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ کاروباری تیزی سے 48.57فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان رہا۔ 25 مئی 2017 کو 100انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 53 ہزار 127پر پہنچ گیا تھا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 70 فیصد کم ہے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن پیر کو 30 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے، مئی 2017 میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 100 ارب ڈالر تھی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو صبح کاروبار کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 51 ہزار 400 کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس .96 338 پوائنٹس کے اضافے سے 51070.83 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 138.13 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 17459.00 پوائنٹس سے بڑھ کر 17597.13پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 229.94 پوائنٹس بڑھ کر 33918.97 پوائنٹس ہوگیا جبکہ کے ایم آئی 30انڈیکس 630.24 پوائنٹس بڑھ کر 86720.34 پر بند ہوا۔ پیر کو انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی۔ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 32پیسے کے اضافے سے 279.12روپے ہوگئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 1 روپے بڑھ کر 281 روپے پر پہنچ گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر 298 روپے پر جبکہ برطانوی پاو¿نڈ کی قدر 343 روپے برقرار رہی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 75 روپے پر برقرار رہی۔ تاہم یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 1روپے بڑھ کر 78روپے ہوگئی۔ دوسری طرف فی تولہ سونے کے بھاو¿ 1250روپے بڑھ کر 2لاکھ 9 ہزار 600 روپے ہو گئے۔ جبکہ 10گرام سونے کے بھاو¿ 1072روپے بڑھ کر ایک لاکھ 79 ہزار 698 ہوگئے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 9 ڈالر اضافے سے 2001 ڈالر پر پہنچ گئی۔ فی تولہ چاندی کے دام 2550روپے پر مستحکم رہے۔

مزیدخبریں