اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ پولیس شہداءکا خون پاکستان کی تاریخ کو نئے سرے سے لکھ رہا ہے ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم نے پاکستان کی بقاءاور روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ وہ پیر کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کے 49ویں سی ٹی پی پاسنگ آﺅٹ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ آئی جی اسلام آباد پولیس، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی کے علاوہ غیر ملکی سفارتکاروں اور پاس آﺅٹ ہونے والے پولیس افسران کے اہلخانہ تقریب میں شریک تھے۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 49ویں خصوصی تربیتی پروگرام کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کی پاسنگ آﺅٹ تقریب میں آکر بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار اور فرائض ہمارے ملک کے استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارں کی استعداد کار میں اضافہ کر رہے ہیں جس سے ان کی فرائض کی ادائیگی میں مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت بہتر ہو رہی ہے۔ مجھے قوی امید ہے کہ یہ پاس آﺅٹ گریجویٹس باالخصوص خواتین افراد ہمارے معاشرے کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاس آﺅٹ ہونے والے نوجوان افسران رنگ، ذات، مذہب اور نسل سے قطع نظر مظلوموں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشعل راہ بنیں گے۔ انہوں نے پاس آﺅٹ ہونے والے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں اور پاکستان کے شہریوں کے حقوق کے محافظ کے طور پر اپنے اختیارات کو منصفانہ طریقے سے استعمال کریں۔ بیچ 35 افسران پر مشتمل ہے جن میں 8 خواتین افسران اور ایک پاکستان ائیر فورس افسر شامل ہے۔
پاکستان کو دہشتگردی جیسے سنگین خطرات کا سامنا ہے: وزیر داخلہ
Oct 24, 2023