لاہور میں پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کی منظوری، عوام کی ضرورت ہماری ذمہ داری ہے: محسن نقوی

Oct 24, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں سرکاری سطح پر پہلے کینسر ہسپتال کی اصولی منظوری دے دی ہے اور اس ضمن میں پلان طلب کر لیا ہے۔ محسن نقوی نے مناواں ہسپتال کا دورہ کیا اور کینسر ہسپتال کے لئے مجوزہ اراضی اور ہسپتال کی عمارت کا معائنہ کیا۔ وز یراعلیٰ نے ہسپتال کی مرکزی عمارت سے ملحقہ بلڈنگ کا جائزہ لیا اور مناواں ہسپتال کو کینسر ہسپتال میں تبدیل کرنے کا ٹاسک دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب 14 کروڑ عوام کا صوبہ ہے، ایک بھی سرکاری سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال نہیں ہے، لوگ دھکے کھا رہے ہیں کینسر کے علاج کے لئے۔ سرکاری سطح پر اعلیٰ معیار کا کینسر ہسپتال پنجاب کے عوام کی ضرورت ہے۔ کینسر کے مریضوں کو سرکاری سطح پر ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سموگ کی صورتحال کے تناظر میں پنجاب کے تعلیمی ادارو ں میں اس ہفتے بدھ کو چھٹی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کی بنیاد پر فی الحال بدھ کو چھٹی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف موثر کریک ڈاو¿ن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سموگ کا سبب بننے والے اینٹوں کے بھٹوں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ غیرمعیاری فیول فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں پر گرد بٹھانے کے لئے تسلسل کے ساتھ پانی کا چھڑکاو¿ کیا جائے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے ریت اور بجری کو ڈھانپنا اور پانی کا چھڑکاو¿ کرنا لازمی ہوگا۔ محسن نقوی نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا اچانک دورہ کیا۔ انتظامیہ اورجیل حکام بھی دورے سے لاعلم رہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی مرد اور خواتین قیدیوں کی بیرکس میں گئے اور ان سے بات چیت کی اور مسائل دریافت کیے۔ محسن نقوی نے بیرک نمبر 9میں جاری محفل میلاد میں شرکت کی اور قیدیوں کے ساتھ ملکر دعا کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قیدیوں کو پاس بلایا اوران کے مسائل کے حل کے لئے اپنے سٹاف کو موقع پر ہی ہدایات دیں۔ قیدیوں کی درخواست پر آنکھوں کا فری آپریشن کرانے کا حکم دیا اور قیدیوں کے علاج معالجہ کے لئے جیل میں خصوصی میڈیکل کیمپ لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے گجرات کے رہائشی ایک قیدی کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے گجرات جیل میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔ بزرگ قیدی خواتین اپنے کیس بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بزرگ قیدی خواتین کو دلاسہ دیا اور کیسز میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ماں جی، کیس کاجائزہ لیں گے اور آپ کے ساتھ انصاف ہوگا۔ محسن نقوی نے بغیر اطلاع رات گئے اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ ایم ایس ہسپتال، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور ڈی پی او وزیر اعلی محسن نقوی کے دورے کے بعد ہسپتال پہنچے۔بعض مریضوں اور تیمارداروں نے ادویات باہر سے منگوانے اور ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایات کیں۔ وزیر اعلی نے ایم ایس ہسپتال کی سرزنش کی اور ایم ایس کے خلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو 24 گھنٹے میں انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ایم ایس کے بارے فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ تاہم بعض مریضوں اور تیمارداروں نے ادویات باہر سے منگوانے اور ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایات کیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے مریضوں کے پیسے واپس کرنے کا حکم دیا۔

مزیدخبریں