تعلیم آپشن نہیں ضرورت، طلبہ پر فرض ہے چیلنجز کا حل تلاش کریں: آرمی چیف

Oct 24, 2023

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے سالانہ کانووکیشن ویک کی افتتاحی تقریب یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین نسٹ بورڈ آف گورنرز، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر تھے۔ آرمی چیف نے "ماسٹر کانووکیشن تقریب" میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں میں ڈگریاں اور ایوارڈز تقسیم کئے۔ کانووکیشن ویک کے دوران بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے 3500 سے زیادہ گریجویٹس کو ڈگریاں دی جائیں گی۔ تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے گریجویٹس، ان کے والدین اور فیکلٹی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پڑھانے اور سیکھنے کے لیے ایک سازگار ماحولیاتی نظام تیار کرنے پر نسٹ کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی شاندار ذہنوں کی پرورش کر رہی ہے جو اس وقت قوم کی خدمت کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ آرمی چیف نے گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایک آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آج طلبا کی زندگیوں میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو ایک اہم تبدیلی کی نوید دیتا ہے جو زیادہ ذمہ داری کا متقاضی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نئی ذمہ داری کو ان کی شخصیت اور آگے کے سفر میں انتخاب سے ظاہر ہونا چاہیے۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اب یہ ان پر فرض ہے کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز کا پتہ لگائیں اور ان کا تجزیہ کریں اور ان کا حل تلاش کرنے کے لیے اپنی فکری وسائل کو بروئے کار لائیں۔ قبل ازیں نسٹ پہنچنے پر ریکٹر نسٹ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں