سینئر اداکارہ ”صائمہ نور “ جو آج کل لاہور میں فلم ” للکارا سنگھ ان لاہور“ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ، سید نور کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم کی پرڈیوسر فلمسٹار شان شاہد کی بہن زرقا ہیں اور وہ اس فلم کے ذریعے اپنے بیٹے عیسیٰ کو لانچ کرنے جا رہی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ اِن دونوں تیزی سے جاری ہے۔ گزشتہ دنوں ہم اس فلم کے سیٹ پر پہنچے۔ سیٹ پر صائمہ نور اور فلم کے ہیر و عیسیٰ موجود تھے۔ سیٹ پر ہم نے صائمہ نور سے گپ شپ کی اور ان سے جاننے کی کوشش کی کہ وہ کم گو کیوں ہیں؟ کیوں وہ نہ ہونے کے برابر شوبز تقریبات کا حصہ بنتی ہیں۔ان کی شخصیت کے پہلووں کو جاننے کے لئے ہم نے ان سے جو گپ شپ کی وہ نذر قارئین ہے۔ صائمہ نور نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ بہت سارے لوگوں کو مجھ سے گلہ رہتا ہے کہ میں بہت کم کم انہیں تقریبات میں نظر آتی ہوں، دراصل مجھے لوگوں میں بہت زیادہ گھلنا ملنا پسند نہیں ہے۔ میں کام کرنے کے بعد گھر جانا پسند کرتی ہوں ، گھر رہنا پسند کرتی ہوں، ایوارڈز شوز ہوں یا شوبز کی دیگر تقریبات مجھے ان میںجانا بہت زیادہ پسند نہیں ہے، میں سمجھتی ہوں کہ یہی ٹائم میں اپنی فیملی کو کیوں نہ دوں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی زندگی کا ایک اصول بنا رکھا ہے کہ نہ کسی کے خلاف بولنا ہے نہ سننا ہے۔ کوئی میرے خلاف کیا بولتا ہے یہ اسکا مسئلہ ہے میرانہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کئی سال تک فلم انڈسٹری میں کام کیا لیکن میری کبھی بھی کسی ہیروئین کے ساتھ لڑائی نہیں ہوئی۔ لڑائی نہ ہونے کی وجہ یہی رہی کہ میں کسی کے کام میںنہیں بولتی تھی نہ ہی کسی کے کام پر بات کرتی تھی۔ صائمہ نور نے گپ شپ کے دوران مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ انسان میںاتنی جرات ہونی چاہیے کہ وہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہہ سکے۔ میری عادت ہے اگر مجھے کوئی پسند نہیں ہے تو میںمنہ پر کہوں گی کبھی پیٹھ پیچھے اسکی برائی نہیںکروں گی۔میں نے بہت سارے ایسے لوگ دیکھے ہیںجو منہ پر کچھ ہوتے ہیں اور پیچھے کچھ ہوتے ہیں۔صائمہ نے مزید کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں بہت سارے معاملات کو اللہ کی پاک ذات پر چھوڑا اور خدا نے میرے حق میں وہ سارے معاملات کئے۔ انہوں نے کہا کہ جب میری سید نور کے ساتھ شادی ہوئی تھی تو اس وقت میںسوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ ان کے بچے مجھے قبول کر لیں گے 15سال کے بعد انہوں نے مجھے قبول کیا ، اور آج وہ میرے بغیر ایک لمحہ نہیں گزارتے، میری بیٹیاں مجھ سے بہت پیار کرتی ہیں، وہ مجھے بہت زیادہ تحائف بھیجتی ہیں۔میرا بیٹا مجھ سے بہت پیار کرتا ہے اس نے کوئی بات منوانی ہوتی ہے تو وہ مجھ سے کہتا ہے کہ پاپا سے سفارش کر دیں۔ صائمہ نے کہا کہ وقت انسان کو بہت کچھ سکھا دیتا ہے اور میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ مجھے ہلکے رنگ پہننا اچھا لگتا ہے۔ میں ٹرینڈ کی بجائے ایسے کپڑے پہننا پسند کرتی ہوں جو میری شخصیت کو سوٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کھانا بنانا بالکل نہیں آتا لیکن جب میں نے کھانا ہوتا ہے تو سید نور مجھے بنا کر دیتے ہیں سید نور بہت اچھا کھانا بناتے ہیں۔ صائمہ نے کہا کہ میں اگر سوشل میڈیا پر آئی ہوں تو اپنے بیٹے شازل کی وجہ سے آئی ہوں اس نے مجھے سوشل میڈیا کے اکاونٹس بنا کر دئیے اور مجھے وہاں پر تھوڑا بہت ایکٹیو کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں کسی پروگرام میںبیٹھ کر نہ جھوٹ بول سکتی ہوں نہ ہی کسی کی جھوٹی تعریفیں کر سکتی ہوں، جو مجھے نہیںپسند وہ نہیں پسند ، جو پسند ہے وہ پسند ہے ، میں منافقت نہیںکر سکتی۔ میں نے اداکار شان کے ساتھ بہت کام کیا وہ بہت اچھے آرٹسٹ ہیں اور ہماری جوڑی بہت زیادہ سراہی بھی گئی جس کے لئے میں شائقین کی بے حد مشکور ہوں ان کی داد ہی مجھے مزید اچھا کام کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ میںبہت خوش نصیب ہوں کہ مجھے سید نور جیسے انسان ملے انہوں نے دنیا کے سامنے اپنایا مجھے میرا حق دیا۔ میرا ایمان ہے کہ جو ہوتا ہے وہ اچھے کے لئے ہوتا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ میری فلمی زندگی کا ہر پہلو لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے یہ ان کا حق ہے کہ وہ اس حوالے سے جانکاری رکھیں لیکن میںذاتی زندگی میںکیا کرتی ہوں کیا پہنتی ہوں کیا اوڑھتی ہوں، مجھے کیا پسند ہے یا کیا نا پسند ہے یہ صرف مجھ تک ہی رہے۔ انہوں نے کہا کہ میںچاہتی ہوں کہ لوگ مجھے میرے کرداروں کے نام سے یاد رکھیں ، مجاجن اور چوڑیاں میرے کیرئیر کی یادگار اور بہترین فلمیں ہیں۔فلم کے سیٹ پر سید نور بھی موجود تھے ، انہوں نے اداکار عیسٰی کی اداکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عیسٰی بہت ٹیلنٹڈ ہیں،بہت پراعتماد ہیں اور کام کے حوالے سے کافی سنجیدہ بھی ہیں ، انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ عیسٰی فلم انڈسٹری میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہو ں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی للکارا سنگھ ان لاہور کی شوٹنگ چل رہی ہے اگر مکمل ہو گئی تو اسی سال ریلیز کردیں گے نہیں تو پھر اگلے سال دیکھیں گے کہ کب اور کس موقع پر ریلیز کی جائے۔دوسری طرف فلم کی پرڈیوسر زرقا نے کہا کہ میرا بیٹا عیسٰی بہت زیادہ محنت کر رہا ہے۔ سیدنور کی ڈایریکشن میں اس نے کام شروع کیا ہے مجھے امید ہے کہ یہ انڈسٹری میں اپنا نام اور مقام بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شان میرے بھائی ہیں اور عیسٰی کے ماموں ہیں ان سے عیسٰی بہت متاثر ہے اس کی اداکاری بہت متاثر کن ہے۔ فلم کی کہانی الگ ہے اور اس کو جس طرح شوٹ کیا جا رہا ہے وہ باکمال ہے۔
میری زندگی کاایک ہی اصول ہےنہ کسی کے خلاف بولنا ہے نہ سننا ہے۔
Oct 24, 2023