اسلام آباد(نامہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچوں کی معذوری کا سبب بنتا ہے، پولیو جیسے موذی مرض سے بچا کیلئے ہمیں اپنے بچوں کو پانچ سال تک پولیو ویکسینیشن کا کورس مکمل کرنا چاہیے۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور انکو پولیو وائرس سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ دنیا میں اس وقت صرف چار ممالک میں پولیو وائرس باقی رہ گیا ہے، جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور ملک کا ہر طبقہ اس مشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی نے انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال 24 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ہر گھر تک پولیو ویکسین پہنچانے والے اور عوام الناس میں ویکسین کو لے کر شک و شبہات کو دور کرنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسپیکر نے پولیو ویکسینیشن کو بچوں کے لئےانتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بناتی ہے"۔ انہوں نے اس موقع پر پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران شہید ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کو خراج عقیدت پیش کیا۔