سب سے زیادہ بدامنی، غربت، جرائم سندھ میں ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ بدامنی، غربت اور جرائم سندھ میں ہیں۔ پیپلز پارٹی کا 15سالہ اقتدار تباہی و بربادی اور محرومیوں کا دور ثابت ہوا۔ سرکاری زمینوں پر قبضے ہوئے، کراچی کے مسائل حل ہوئے نہ اندرون سندھ میں کوئی بہتری آئی۔ البتہ کچھ لوگوں کی تجوریاں ضرور بھر گئیں۔ حرام کی دولت سے سیاست کرنے والے اسے مینڈیٹ کا نام دیتے ہیں۔ لوگوں کا خون پسینہ نچوڑ کر انھی سے ووٹ کا تقاضا کیا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی مظلوموں کو اکٹھا کرنا چاہتی ہے تاکہ ظالم کا مقابلہ کیا جا سکے۔ مافیاز کا احتساب کوئی ادارہ اور عدالت نہیں کر سکی۔ عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کریں۔ قوم خوشحالی، ترقی اور مہنگائی سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دے، آزمائے ہوئے لوگوں کو مزید آزمانا آئندہ نسلوں کو بھی غلامی میں دینے کے مترادف ہے۔ استحکام کا راستہ پولنگ سٹیشن سے ہوکر گزرتا ہے۔ ووٹ کی طاقت سے ہی فرسودہ نظام اور اس کے پہرے داروں کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ علی پور کے مقام پر استقبالی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی و سیاسی لحاظ سے مشکل ترین حالات سے دوچار ہے۔ حیدر آباد کی ضلعی شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی نے عوام کی ہر مشکل میں خدمت کی ہے۔ اجلاس میں انتخابات کی تیاری اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔ نائب امیر اسداللہ بھٹو، سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، نائب قیم حافظ طاہر مجید، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، صدر جے آئی یوتھ سندھ ڈاکٹر امتیاز پالاری اور امیر ضلع عقیل احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے ٹنڈو محمد خان کے قریب باقر نظامانی میں زرعی ماہر اور سندھ آباد گار بورڈ سندھ کے سابق صدر رئیس عبدالمجید نظامانی کی وفات پر ان کے صاحبزادگان الہداد، خداداد اور عبدالحفیظ نظانی سے تعزیت کی۔

ای پیپر دی نیشن