لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مالی تعاون کیساتھ ساتھ ہسپتالوں کیساتھ اشتراک کر رہی ہے تاکہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات رعایتی نرخوں پر میسر آسکیں۔ فرض کی راہ میں زخمی ہونیوالے یا طبی مسائل کا شکار ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںتقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب پولیس اور بیگم اختر رخسانہ میموریل ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کے درمیان ایم او یو طے پا گیا۔پولیس ملازمین اور اہلخانہ کو علاج معالجے کیلئے 10 سے 27 فیصد رعایت میسر آئیگی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور وائس پریذیڈنٹ ٹرسٹ ڈاکٹر شازیہ عاصم چوہدری نے ایم او یو پر دستخط کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ لاہور اور راولپنڈی میں ٹرسٹ کے چاروں ہسپتالوں میں پولیس ملازمین علاج معالجے کی یہ سہولیات حاصل کر سکیں گے۔وائس پریذیڈنٹ بیگم اختر رخسانہ میموریل ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال ڈاکٹر شازیہ عاصم چوہدری نے پنجاب پولیس کیساتھ اشتراک کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ امن و امان کو برقرار رکھنے میں پنجاب پولیس اور اسکے شہدا کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
ملازمین کیلئے بہترین علاج ‘پنجاب پولیس ‘نجی ہسپتال کے درمیان ایم او یو پر دستخط
Oct 24, 2024