سلیکشن پینل کا حصہ نہیں ‘پچ سلو بائولرز کو سپورٹ کریگی :جیسن گلیسپی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے سلیکشن کمیٹی سے نکالے جانے پر بظاہر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد فیصلہ کیا کہ نیا سلیکشن پینل ہونا چاہیے، میں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ نہیں بلکہ صرف میچ کے دن کی حکمت عملی بنانے والا کوچ ہوں۔راولپنڈی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی وکٹ دلچسپ اور کافی خشک ہے، اس پر زیادہ گھاس نہیں ہے اور توقع ہے کہ یہ سلو باؤلرز کو سپورٹ کریگی۔ ابرار کی طبیعت کے حوالے سے ابھی بھی کوئی اپ ڈیٹ نہیں، امید ہے کہ اب وہ بہتر محسوس کررہے ہوں گے۔ کسی بھی سیریز کو جیتنا بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور ہمارے لیے یہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں گزشتہ چند سالوں میں وہاں نہ پہنچ سکی جہاں ہم اسے دیکھنا چاہتے تھے تو کوئی بھی سیریز جیتنا بہت خوش آئند ہو گا۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود میدان میں اترتے ہوئے چند تبدیلیاں کیں، یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک نیا سلیکشن پینل ہونا چاہیے جو فیصلے لے گا۔ میں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ نہیں، میں صرف میچ کے دن کی حکمت عملی بنانے والا کوچ ہوں، تو اب مجھے چیزوں سے باہر رکھا گیا ہے لہٰذا میں کھلاڑیوں پر توجہ دے رہا ہوں اور انہیں کرکٹ کیلئے تیار کررہا ہوں۔ میں صرف میچ کے دن کیلئے سٹریٹجی بنانے والا ہیڈ کوچ ہوں، میری توجہ کھلاڑیوں پر ہے، میں سلیکٹرز کو ان کا کام کرنے دوں گا۔

ای پیپر دی نیشن