لاہور(کامرس رپورٹر) بلجیم کے سفیر آئیڈس بالڈ وان ڈر گراچٹ نے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد سے ملاقات میں کہا بیلجیئم یورپ کا گیٹ وے ہے۔ پاکستانی تاجروں کو یورپی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کیلئے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سفیر نے کہا پاکستان اور بلجیم کے درمیان تجارتی تعلقات بہترین ہیں، لیکن باہمی تجارتی اور معاشی تعلقات میں مزید وسعت کی بہت گنجائش موجود ہے۔ بلجیم نے ہمیشہ پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کیلئے حمایت کی ہے۔ زراعت، ٹیکسٹائل اور قیمتی پتھروں کے شعبوں میں پاکستان اور بلجیم کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی کے وسیع مواقع ہیں۔ بی ٹو بی ملاقاتیں اور سنگل کنٹری نمائشیں دونوں ممالک مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا بیلجیئم اقتصادی حوالے سے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ بیلجیئم یورپ میں اپنی مرکزی پوزیشن اور بڑا تجارتی مرکز ہونے کی حیثیت سے پاکستان کیلئے بہت کشش رکھتا ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جی ایس پی سٹیٹس کے سلسلے میں پاکستان کو ہمیشہ بیلجیئم کی سپورٹ حاصل رہے گی۔
سفیربلجیم کی میاں ابوذر شاد سے ملاقات ،باہمی تجارتی،معاشی تعلقات پر گفتگو
Oct 24, 2024