لاہور (کامرس رپورٹر) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) نے پاکستان میں ریڈی میڈ گارمنٹس کے مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز کو بین الاقوامی سطح پر انڈسٹری4.0 کے نام سے ابھرنے والی ایڈوانس ٹیکناکوجی سے آگاہ کرنے کی مہم شروع کر دی۔ اس سلسلے میں پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے اگلے روز ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا ۔ جس میں سمیڈا انڈسٹری سپورٹ سیل کے نمائندے مبین عابد اور WIMETRIX کے ایکسپرٹ عبدالمعیز نے ٹیکسٹائل انڈسٹریز پر انڈسٹری 4.0 کی ٹیکنالوجیز اور ان کے اطلاق پر آگاہی دی۔ جس پر شرکا نے گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان ٹیکنالوجیز کو اپنی صنعت میں ضرور شامل کریں گے تاکہ پاکستان کے ریڈی میڈ گارمنٹس انڈسٹری کو جدید عالمی تقاضوں کے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ اس موقع پر سمیڈا سندھ کے صوبائی سربراہ مکیش کمار اور پریگمیا کے پیٹرن ان چیف شیخ شفیق جھوک والا، پریگمیا کے سنٹرل چیئرمین عامر امین کھوت والا اور پریگمیا ساؤتھ زون کے چیئرمین عامر چوتھانی نے ریڈی میڈ گارمنٹس کی صنعت کو انڈسٹری 4.0 کی ٹیکنالوجیز سے متعارف کروانے پر سمیڈا کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
سمیڈاکی بین الاقوامی سطح پر انڈسٹری4.0 کے نام سے ایڈوانس ٹیکناکوجی مہم شروع
Oct 24, 2024