لاہور (خصوصی نامہ نگار )علامہ سید جواد نقوی نے 24 اکتوبر، یومِ تاسیس آزاد کشمیر اور یوم اقوام متحدہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا 76 سال قبل اقوام متحدہ کی پہلی قرارداد کے بعد مسئلہ کشمیر کی صورتحال میں نہ صرف بہتری کی کوئی علامت نظر نہیں آتی۔ بلکہ اس میں تشویشناک حد تک خرابی آئی ہے۔ کشمیری عوام کی حالت روز بروز بدتر ہوتی جا رہی ہے اور ان پر ہونیوالے مظالم کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ جیسا ادارہ ظالموں کو پناہ فراہم کرنے اور مظلوموں کو مزید کمزور کرنے کیلئے ہی بنایا گیا ہے۔ اس کا وجود انصاف کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اور یہ ادارہ درحقیقت مجرمین کی پناہ گاہ بن چکا ہے۔ اس کی حیثیت ایک ایسے پلیٹ فارم کی ہے جہاں عالمی طاقتیں اپنے ظلم کو قانونی جواز دلوانے کیلئے اکٹھی ہوتی ہیں۔