کراچی،خیر پور (نوائے وقت رپورٹ+کامرس رپورٹر)پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع شاہو-1 کنویں میں قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کیاکہ شاہو ون کنویں سے 10 ملین سٹینڈر کیوبک فٹ یومیہ کے ذخائر ملے ہیں۔۔جوائنٹ وینچر میں او جی ڈی سی ایل (20 فیصد ورکنگ انٹرسٹ)، یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ (یو ای پی ایل)، آپریٹر (75 فیصد)، گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) (2.5 فیصد) اور سندھ انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ (ایس ای ایچ ایل) (2.5 فیصد) شامل ہیں۔او جی ڈی سی ایل نے کہا کہ کنویں کو 18 اگست 2024 کو 12،675 فٹ ایم ڈی کی گہرائی تک کھود دیا گیا ۔اس کنویں سے 4100 پاو ¿نڈ فی مربع انچ (پی ایس آئی جی) کے ویل ہیڈ فلونگ پریشر (ڈبلیو ایچ ایف پی) پر تقریبا 10 ملین معیاری مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس پیدا ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔کمپنی نے بتایا کہ تازہ ترین دریافت نے ساون ساوتھ بلاک میں مزید کھوج کے کام کو کم کردیا ہے۔گزشتہ ماہ او جی ڈی سی ایل نے ضلع خیرپور میں واقع اکھیرو ون کنویں میں ہائیڈرو کاربن کے ذخائر دریافت کیے تھے۔