اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن نے نا اہلی ریفرنس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دے دی۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نا اہلی ریفرنس کی سماعت کی، پیپلز پارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان اور سیف اللہ ابڑو کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔سیف اللہ ابڑو کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ہمیں درخواست کی نقل نہیں ملی ہمیں مہلت دی جائے۔الیکشن کمیشن نے استدعا منظور کرتے ہوئے سیف اللہ ابڑو کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ ماجد محمود اور سینیٹر شہادت اعوان نے پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے۔ریفرنس کے مطابق سیف اللہ ابڑو نے ٹیکنوکریٹ نشست کیلئے تجربے کی جعلی دستاویزات جمع کروائیں اور کاغذات نامزدگی کے ساتھ مکمل اثاثے ڈیکلیئر نہیں کئے تھے۔
نااہلی ریفرنس: الیکشن کمشن کی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو جواب جمع کرانے کی ہدایت
Oct 24, 2024