لاہور: غیر قانونی عمارتیں مسمار کرنے والا بلدیہ ونگ پولیس کے بغیر آپریشن پر مجبور

Oct 24, 2024

لاہور (رپورٹ: محمدعلی جٹ سے) بلدیہ عظمی کا غیر قانونی بلڈنگزکے خلاف کارروائی کرنے والا مسماری ونگ بغیر پولیس فورس کے آپریشن کرنے پر مجبور  ہے۔ رواں سال تمام آپریشنز کے دوران پولیس فورس نہ ہونے کے برابر ملی۔ ڈی سی لاہور اور چیف آفیسر کارپوریشن کی واضح ہدایات، مسماری درخواست دینے کے باوجود انفورسمنٹ ونگ کو پولیس کا تحفظ نہیں ملتا۔ غیر قانونی تعمیر کے مالکان کی طرف سے نازیبا الفاظ کا آزادانہ استعمال اور عملے کو یرغمال بنانے کے بھی متعدد واقعات پیش آچکے ہیں مگر افسران بالا کی جانب سے اس اہم ایشو پر کوئی خاص توجہ نہ دینے کی وجہ سے انفورسمنٹ کرنے والے افسران وملازمین کے ساتھ کوئی برا واقعہ پیش آسکتا ہے۔  جبکہ ارباب اختیار کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ہر آپریشن میں پولیس فورس لازمی حصہ بنے گی مگر عملی طور پر ایسا ممکن ہوتا نظر نہیں آیا۔ جبکہ غیر قانونی بلڈنگز کی مسماری کی کارروائی اکثر اوقات رات آدھے پہر کے بعد کی جاتی ہے جو کسی وقت بھی سرکاری ملازمین کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

مزیدخبریں