شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے قوم میں پائی جانے والی بے یقینی ومایوسی کے خاتمے ساتھ ساتھ معیشت کی بحالی اور ملکی نظام میں بہتری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت کی تشکیل کے وقت ملک مختلف معاشی و سیاسی اور انتظامی مسائل سے دوچار تھا جن کے خاتمہ کیلئے حکومت نے مربوط اقدامات اٹھائے جن کا ثمر قوم کے سامنے ہے۔ حکومتی کوششوں سے ملکی نظام میں بہتری آرہی ہے، انصاف کی فراہمی آسان ہوئی ہے اور معاشی بدحالی کا تیزی سے خاتمہ ہورہا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اور گروہی مفادات کو پس پشت ڈال کر اجتماعی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک اور قوم کی بہتری کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا تاکہ درپیش مسائل کے بھنور میں پھنسی ہوئی ملک کی کشی کو نکال کر کنارے لگایا جاسکے۔ نواز لیگ کی قیادت حکومت سازی کے بعد سے اپنے انقلابی منشور کی تکمیل کی خاطر سرگرم عمل ہے۔