شیخ حسینہ، عوامی لیگ کے جنرل سیکرٹری سمیت 46 افراد کے وارنٹ  جاری 

ڈھاکہ (این این آئی)بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ اور عوامی لیگ کے جنرل سیکرٹری عبیدالقادر سمیت 46 افراد کے وارنٹ گرفتاری عملدرآمد کے لئے جاری کر دیئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹریبیونل کے چیف پراسیکیوٹر ایڈووکیٹ تاج الاسلام نے کہا کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ اور عوامی لیگ کے جنرل سیکرٹری عبیدالقادر سمیت 46 افراد کے خلاف نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الگ الگ مقدمات میں جاری کئے گئے وارنٹ گرفتاری انسپکٹر جنرل کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ چیف پراسیکیوٹر نے یہ اعلان بدھ کی صبح ٹربیونل کے دورے کے دوران کیا اس موقع پر صنعت کے مشیر عادل الرحمان خان اور مشیر قانون آصف نذر بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ قتل عام میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے،اور اس حوالہ سے ٹریبونل کا کام موثر انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے جولائی اور اگست کے درمیان ہونے والے نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے کیس کے سلسلے میں شیخ حسینہ، عبید القادر اور 46 دیگر کے وارنٹ گرفتاری 17 اکتوبر کو جاری کئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن