نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ کے سربراہ انسانی حقوق واکر ٹرک نے 26 ویں آئینی ترمیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم عدلیہ کی آزادی کو شدید مجروح کر دے گی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا کہ واکر ٹرک کو خدشہ ہے کہ نئی آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے وسیع تر مشاورت اور بحث مباحثے کو نظر انداز کر کے جلد بازی سے کام لیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم انسانی حقوق کے عالمی قوانین سے ہم آہنگ ہونی چاہئیں۔