اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+خبرنگار)پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ میں مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی تیرہویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری، مرکزی رہنما شیری رحمان، انچارج سید سبط الحیدر بخاری اور دیگرکارکن شریک ہوئے۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جمہوریت کی بقا کیلئے بیگم نصرت بھٹو کا سیاست میں جو کردار رہا وہ ناقابل فراموش ہے۔سینٹر شیری رحمن نے کہا بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کی خاطر مشکلات کا سامنا کیا پر ڈٹی رہی۔علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوںنے کہا قوم بیگم نصرت بھٹو کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ خواتین کیلئے بیگم نصرت بھٹو کی زندگی مشعل راہ ہے۔ انہوںنے جس بہادری سے مارشل لا کے تاریک دور کا سامنا کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ مزید براںڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ انہوںنے جمہوریت کی بحالی کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور کڑے وقت میں بھی صبر اور استقامت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ۔ انہوں نے اپنی اولاد کی بہترین پرورش کی ۔ اللہ تعالی مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے درجات بلند کرے اورانہیں جنت میں اعلی مقام نصیب فرمائے