لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبرنگار) وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چین سے کاروباری اشتراک میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے، ہرممکن تعاون کریں گے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، پاکستانی کمپنیاں چینی اداروں سے ’’بی ٹو بی اور زیادہ سے زیادہ‘‘ جوائنٹ وینچرز کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین اور پاکستان کے مابین بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) سرگرمیوں کے فروغ کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چین میں ہونیوالے روڈ شو میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اشتراک سے پاکستانی ادارے شرکت کریں گے، لیدر اور فشریز کے لئے چین کے مختلف شہروں میں منعقدہ بڑے کنونشنز میں نمایاں پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی۔