لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جمعہ کے روز ملک بھر میں اہل فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطین میں جاری نسل کشی اور مظالم کے خلاف حماس کی اپیل پر دنیا بھر میں مظاہروں کی اپیل پر مکمل حمایت کا اعلان کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ اہل پاکستان دکھ اور کرب کی گھڑی اور آزمائش میں اہل غزہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی برادر تنظیمات کو بھی ہدایات جاری کیں کہ حماس کی اپیل کے تناظر میں ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہروں کا اہتمام کیا جائے۔ علمائے کرام مساجد میں نماز جمعہ کے خطبات میں فلسطینی مجاہدین کی قربانیوں کا تذکرہ کریں۔ خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے اور عوام میں بیداری پیدا کی جائے۔
جماعت اسلامی کل ملک بھر میں اہل فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کرے گی: حافظ نعیم
Oct 24, 2024