اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایف بی آر کے چئیرمین راشد لنگڑیال نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا کہ شوگر سیکٹر میں رواں سیزن کے دوران ہی سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ ہوجائے گا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیمنٹ سیکٹر کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے کور کرنے کے لیے ایک دو ہفتوں میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔ ڈیجیٹل انوائسنگ میں لائسنسنگ کے معاملے پر ایشو آ رہا ہے، اس معاملے پر سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔ آئندہ ایک دو ہفتوں میں یہ معاملہ حل کر دیا جائے گا۔ بنکوں پر ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو قانون بدلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اے ڈی ار پر اوسطاً 40 فیصد ٹیکس سے بچنے کے لیے بنک 31 دسمبر کو اکاونٹس سیدھے کر لیتے ہیں، حکومت کو ٹیکس نہیں ملتا، اس سال بنکوں پر اے ڈی آر قانون کو تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 50 فیصد غیرقانونی سگریٹ فروخت ہو رہے ہیں، جن کے خلاف کارروائی کیلیے صوبوں کو اختیار دیے جائیں گے۔