تہران+ تل ابیب (این این آئی+ آئی این پی) حزب اللہ نے ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کر دی۔ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین کو بھی شہید کرنے کا دعوی کرتے کہا تھا کہ ہاشم صفی الدین کو تین ہفتے پہلے بیروت پر حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصراللہ کے کزن ہیں، حسن نصراللہ کو اس سے پہلے شہید کیا جا چکا ہے۔ لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں میں شہید شہریوں کی تعداد 2 ہزار 530 ہوگئی ہے۔ جبکہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں الگ الگ علاقوں میں چھاپوں کے دوران ایک بچے اور سابق قیدیوں سمیت کم از کم 28 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب ایرانی میزائل حملے کا جواب دینے کے لیے اسرائیلی حملے کا منصوبہ تیار ہے۔ حملے میں ایرانی عہدے داران کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ یہ اس کارروائی کا رد عمل ہو گا جس میں حزب اللہ نے چند روز قبل ایک ڈرون طیارے کے ذریعے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو ان کے گھر پر نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران پر حملے میں اسرائیلی فضائیہ کے جو ہواباز شریک ہوں گے انہیں کارروائی سے تھوڑا وقت پہلے تفصیلات اور اہداف کے بارے میں بتایا جائے گا۔ اسرائیلی چینل نے واضح کیا کہ حملے میں لڑاکا طیاروں اور ایندھن فراہم کرنے والے طیاروں کے علاوہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔ غزہ میں فلسطینیوں کو بلڈوز سے کچلنے والے اسرائیلی فوجی 40 سالہ ایلیران نے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق غزہ میں 2 لاکھ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) نے شمالی غزہ میں عارضی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔