لاہور ( نیوزرپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ کیا بشریٰ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں؟ اس کا سیاست سے تعلق صرف 3 سے 5 کروڑ کی پرچیوں پر افسروں کو لگانے کی حد تک تھا۔ ان کا کام تو صرف پی ایم ہاؤس فتح کرنے کے بعد توشہ خانہ سے قیمتی تحائف گھر منتقل کروانا تھا۔ یہ گینگ ملک کی جڑیں کھوکھلی کر کے اب عورت کارڈ کھیل رہا ہے اور غیر سیاسی ہونے کا ڈرامہ کر رہا ہے۔ ان کے دور اقتدار میں بشریٰ کی اجازت کے بغیر ملک میں پتہ تک نہیں ہل سکتا تھا۔ وزیر اطلاعات نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ انکا کام تو صرف ہیرے کی انگوٹھیاں سمیٹنا تھا۔ ان کا کام تو صرف معصوم بچی فرح گوگی کو لوٹ مار مکمل ہونے پر فرار کروانا تھا۔ بشریٰ تو بیچاری بے گناہ جیل میں ہے۔