کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 87ہزار 309کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی سے 66ارب روپے کے اضافے سے سرمائے کا مجموعی حجم 114 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 47.87فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا۔ توانائی، ٹیلی کام، آئل اینڈ گیس سیکٹر کی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔ کے ایس ای 100انڈیکس میں 727.96پوائنٹس کے اضافے سے بڑھ کر 87194 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30انڈیکس 233 پوائنٹس کے اضافے سے بڑھ کر 27396 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ آل شیئرز انڈیکس 55752پوائنٹس سے بڑھ کر 56079پوائنٹس ہو گیا۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بدھ کو 26 ارب روپے مالیت کے 69کروڑ 92لاکھ 94ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 447کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 214 کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 173میں کمی اور 60کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 20ڈالرز اضافے سے 2757 ڈالرز کا ہو گیا جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2000 روپے اضافے سے 2لاکھ 85ہزار 400 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ دس گرام سونا 1714روپے اضافے سے 2لاکھ 44ہزار 684 روپے کا ہوگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 277.75 روپے پر برقرار رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 5پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر278.67 روپے ہو گئی۔