ٹریفک حادثہ: متحدہ کی رکن اسمبلی رعنا انصار کا جوان بیٹا جاں بحق 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا جوان بیٹا شاہ زیب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا جب کہ ایک دوسرا نوجوان واقعے میں زخمی ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی علی الصبح کلفٹن تھانے کی حدود میں کلفٹن انڈر پاس کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور زخمی نوجوان گاڑی میں سوار تھے جب کہ حادثہ موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمی کو فوری طور پرجناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں  جاں بحق نوجوان کی شناخت 35 سالہ شاہ زیب نقوی اور  زخمی دوست کی شناخت 30 سالہ الیاس کے نام سے کی گئی۔ ایس ایچ او کلفٹن اعظم راجپر کے مطابق متوفی عسکری فور کا رہائشی اور  ایم کیو ایم پاکستان کی خاتون رکن قومی اسمبلی بیگم رعنا انصار اور مرحوم سینئر صحافی سید انصار علی نقوی کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔بعدازاں رعنا انصار کے بیٹے شاہ زیب نقوی کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیاسی سماجی اور پارٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن