لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پہنچ گئیں اور ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹرائیج ایریا میں مریضوں کی آمد اور علاج کے آغاز کے سسٹم کا مشاہدہ کیا اور ائیر ایمبولینس پیشنٹ وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بہاولپور سے ائیر ایمبولینس پر پی آئی سی منتقل ہونے والے مریض امجد علی کی عیادت کی۔ ہارٹ پیشنٹ امجد علی نے ائیر ایمبولینس سروس کے اجراء پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو سیلوٹ کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے امجد علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ائیر ایمبولینس سروس پنجاب کے عوام کا حق ہے، کسی پر احسان نہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی بھی عیادت کی۔ ان کے مسائل کے فوری حل کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک بزرگ مریض غلام فرید سے پنجابی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے پوچھا کہ ’’کی حال اے،کتھوں آئے او‘‘۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ایمرجنسی وارڈ کے پاس بزرگ میاں بیوی کو دیکھ کر رک گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بزرگ مریض خوشی محمد کے فوری علاج کی ہدایت کی اور بزرگ مریض کو ایمرجنسی میں فوری طور پر وہیل چیئر مہیا نہ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف بعد ازاں وارڈ میں بزرگ مریض خوشی محمد کے پاس پہنچ گئیں اور علاج کے عمل کا خود مشاہدہ کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکیورٹی اہلکاروں کو مریضوں کی آمد و رفت میں مداخلت سے سختی سے روک دیا۔ پی آئی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ری ویمپنگ پلان اور ہسپتال کے دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کیلئے پریشانی کا سبب بننے والے اور بدعنوان عناصر کے خلاف حتمی کارروائی کا حکم دیا اور پی آئی سی میں انتظامی بہتری کے لئے جنگی بنیادوں پر انتظامی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مافیاز کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پی آئی سی پر مریضوں کا رش کم کرنے کیلئے پی آئی سی ٹو کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور پی آئی سی ٹو میں انتظامی سربراہ کی فوری تعیناتی کا حکم بھی دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پی آئی سی ٹو میں جدید اور بہترین مشینری اور کیتھ لیب فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب میں بیلاروس کے تعاون سے مقامی سطح پر ٹریکٹروں کی تیاری کے لئے اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیلاروس نے پنجاب میں الیکٹرک بس پراجیکٹ میں بھی معاونت کی پیشکش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے ملاقات کی، جس میں ٹریڈ قونصلر الیا قانہ پلیو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور زراعت، تجارت اور سیاحت کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ بیلا روس کے ساتھ زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سفیر آندرے میٹیلیسا نے باہمی تجارت کے فروغ کا روڈ میپ طے کرنے کیلئے وزیر زراعت، وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور صدر بنک آف پنجاب سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی صفدر حسین ساہی اور محمد زبیر خان نے ملاقات کی۔ ڈویلپمنٹ، عوامی مسائل، سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے عوامی فلاحی ویژن کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ہے اور مسلم لیگ (ن) کا منشور بھی۔ مختصر مدت میں پنجاب کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ صفدر حسین ساہی نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سے لاکھوں خاندانوں کو اپنی چھت میسر آئے گی۔ محمد زبیر خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف ہر وقت عوامی خدمت کیلئے سرگرم نظر آتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایم این اے رعنا انصار کے جواں سال بیٹے کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔