ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، دوخود کش بمباروں سمیت 9دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو خود کش بمباروں سمیت 9  دہشت گرد وں  کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جہاں فورسز کو گزشتہ روز خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔آپریشن 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 خوارج ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں کے ساتھ ساتھ ایک  انتہائی مطلوب خارجی  لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد کوہلاک کردیا گیا۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن