اقوام متحدہ چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کا دن ہمیں اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کے اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ، بین الاقوامی تنازعات جیسا کہ موسمیاتی تبدیلی، جغرافیائی، سیاسی تنائو میں اضافہ اور گلوبل سائوتھ کی گہری ہوتی اقتصادی مشکلات عالمی نظام کے بڑے چیلنجوں کی نشاندہی کرتے ہیں ، اقوام متحدہ چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے ، اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کے باوجود  جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اب بھی حل پذیر ہیں ، جب تک اقوام متحدہ کی بانی دستاویز کی دفعات کو نظر انداز کیا جائے گا، بحران مزید گہرے ہوتے جائیں گے  ۔انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کے اس دن پر، میں کثیرالجہتی کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، ہم اس دنیا کو سب کے لئے ایک بہتر جگہ بنانے کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے جہاں تمام لوگوں کے حقوق بالخصوص جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو ان کے حقوق دلائے جا سکیں۔

ای پیپر دی نیشن