دہشتگردوں کو نشانِ عبرت بنائیں گے:وزیراعلیٰ سندھ

Oct 24, 2024 | 19:20

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک صف پر ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع باجوڑ، خیبرپختونخواہ میں فتنہ الخوارج  کے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے کامیاب آپریشن کرکے ملک دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا.پاک فوج کی یہ کامیابی ہم سب کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشتگرد سعید محمد عرف قریشی استاد کی ہلاکت قوم کے لیے ایک بڑی نوید ہے. ملک دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے. انہیں جڑ سے اکھاڑ دیں گے. ان کا صفایا ہی قوم کی نجات ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک صف پر ہیں، ہم نے بڑی مشکلوں سے امن قائم کیا ہے، اسے کسی صورت تباہ ہونے نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو نشانِ عبرت بنائیں گے، ساری قوم متحد ہو تو کسی کی مجال نہیں کہ وہ ہماری طرف بُری نگاہ کرکے بھی دیکھے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے باجوڑ میں 9 خوارج کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو شاباشی دی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ان دہشتگردوں سے ملک کو پاک کر دیا، دہشتگردوں کا کوئی مذہب و مسلک سے کوئی تعلق نہیں. دہشتگرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اور سیکیورٹی فورسز ان عناصر کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے. آخری دہشتگرد کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کے باجوڑ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 خوارج دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خوارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج  دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 9 خوارج دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔مارے جانے والے خوارج میں 2 خودکش بمبار اور انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سید محمد عرف قریشی استاد بھی جہنم واصل گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہتھیار، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ہلاک خوارج دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بےگناہ شہریوں کےقتل میں ملوث تھے، علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزیدخبریں