کیا دیانت امانت سچ اور اہلیت سے بھی استثنیٰ حاصل ہو جاتا ہے کسی بھی طریقہ سے کسی بھی جمہوریت میں کوئی منصب حاصل کر لینے والوں کو؟ منصب اور حکمرانی جس بھی کسی کے پاس آ جائیں وہ اس کے پاس امانت ہوتے ہیں ملک کے عوام کی امانت۔ کیا اس امانت کی حفاظت نہ کرنا بھی اہل منصب کا حق ہو جاتا ہے اور کیا اس امانت میں کسی بھی قسم کی مالی قانونی اصولی جمہوری خیانت کے بارے میں کسی کے بھی کچھ پوچھنے سے بھی انہیں استثنیٰ حاصل ہوا کرتا ہے؟ دو چار ہی روز پہلے یہ خبر آپ نے بھی پڑھی سنی ہو گی کہ فرانس کی پولیس نے فرانس کے صدر کی حکمران پارٹی کے دفتر کی تلاشی لی تھی ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے اور ان کی پارٹی نے کسی فرانسیسی خاتون سے چندے کے حوالے سے جو رقم وصول کی تھی وہ معینہ اصول و ضوابط کے مطابق نہیں تھی۔ فرانس کے صدر اور ان کی حکمران پارٹی نے نہ تو کسی استثنیٰ کا سہارا لیا تھا اور نہ ہی وہ فرانس کی پولیس کو اچانک دفتر پر چھاپہ مارنے سے روک سکے تھے اس کے بعد سے بھی ایسی کوئی خبر نہیں آئی کہ فرانس کے صدر نے اس چھاپہ مار پولیس پارٹی کے سربراہ کو معطل کر دیا ہو یا اس سے پوچھا تک ہو ہو کہ تم نے میرے استحقاق کا احترام کیوں نہیں کیا تھا؟ ان کی پارٹی کے کسی بڑے سے چھوٹے زنانہ مردانہ رکن یا ترجمان نے بھی تادم تحریر ایسے کسی صدارتی استثنیٰ کا دعویٰ کیا ہے نہ اپنے کسی استحقاق کے زخمی ہو جانے پر کوئی احتجاج کیا ہے۔ کیا فرانس میں جمہوریت کی حکمرانی نہیں؟ اگر ہے تو اس کے صدر کو ایسا لوٹ کھسوٹ سے استثنیٰ کیوں حاصل نہیں؟ کیا بتائیں گے سید ابو استثنیٰ گیلانی اس بارے میں کچھ؟ فرانس کے صدر کے کتنے محل ماڑیاں ہیں فرانس سے باہر؟ کوئی شریفین غریبین کے لندن کواٹر جیسا غریبانہ کواٹر شواٹر ہی ہے اس محروم استثنیٰ فرانسیسی صدر کا فرانس سے باہر کہیں؟ کوئی بنک اکاﺅنٹ فرانس سے باہر کے کسی بنک میں؟ اور وہ جو امریکہ کے وائٹ ہاﺅس کا بلیک مکین ہے اس کا؟ ہمارے صدر کی جمہوریت کی آنکھوں سے خوفزدہ ڈیوڈ کیمرون کا؟ کسی بھی ملک کی جمہوریت کے کسی بھی مہربان قدردان اور حکمران کا؟ کسی ایک کا بھی بتا سکتے ہیں سید اور گیلانی یوسف رضا یا ان کے وزیر داخلہ؟ ارکان اسمبلی روز رفتہ بہت غم و غصہ میں تھے کہ ان کے اثاثوں میں اضافے کی باتیں کیوں کی جا رہی ہیں۔ میثاق جمہوریت کے ایک چودھری جی فرما رہے تھے کہ پرویز مشرف کے اور ججوں کے اور جرنیلوں کے اثاثوں کی بات کیوں نہیں کی جاتی؟ اگر کسی حضرت ڈیزل فروش سے پوچھا جائے کہ قبلہ آپ ڈیزل میں ملاوٹ کرکے رزق حلال کیوں کماتے ہیں اور وہ جواب دے کہ آپ اس دودھ میں ملاوٹ کرنے والے سے کیوں نہیں پوچھتے؟ بازاروں میں چینی فروش بھی تو ملاوٹ کر رہے ہیں تو اس کے اس جواب کیا مطلب ہو گا؟ اور اگر عوام کی منتخب کی ہوئی اسمبلی کی جمہوریت کا کوئی چودھری یہ جواب دے تو اس کا مطلب کیا ہوتا ہے؟ بنتا ہے اس کے سوا کوئی اور مطلب کہ اور بھی تو ہیں ہم جیسے؟ ہم اکیلے تو نہیں اور غصہ ناراضگی کیوں؟ اس لئے کہ جو بھی کوئی جس بھی کسی طریقہ سے کسی اسمبلی کا رکن بن جائے کوئی منصب حاصل کر لے کسی این آر او یا میثاق وساق کے ذریعے اسے امانت دیانت سچ اور اہلیت سے استثنیٰ حاصل ہو جاتا ہے وہ جو چاہے کرے اس بارے میں کوئی بات کرنے سے اس کے استحقاق کو داغ لگ جاتا ہے اور حکمرانوں اور جمہوریت کے خانوں کے استحقاق اور استثنیٰ کی کوئی آخری حد بھی ہے؟ جمہوریت ضروری اس کا احترام لازم مگر کس پر؟ عوام اور محکوموں پر ہی یا خود حکمرانوں اور جمہوریت خانوں پر بھی اپنی خانہ ساز جمہوریت کا کوئی تھوڑا سا بھی احترام لازم ہے یا نہیں؟
جو چاہے تمہاری جمہوریت خانہ خراب کرے؟
چلو تمہارے اثاثوں میں غریبانہ اضافے کی بات کرکے تمہارے جھاڑو بدست استحقاق کی توہین سے معذرت یہی بتا دو کہ اسی عرصہ میں جس میں جمہوریت کے مالکوں کے اثاثوں میں تین گنا حقیرانہ سا اضافہ ہوا ہے؟ ڈرون حملوں میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے؟ امریکہ کی غلامی اور حکمرانوں اور جمہوریت خانوں کی غلامانہ ذہنیت میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے؟ مہنگائی اور بے روزگاری میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے بھوک ننگ کے ہاتھوں تنگ عوام کی خودکشیوں میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے؟ بال بچوں کو اپنے ہاتھوں ہلاک کر دینے والوں کی تعداد میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے اس عرصہ میں؟ کرپشن اور کمیشن خوری میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے؟ عدالت عالیہ کے فیصلوں اور احکام کی توہین میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے؟ بیڈ گورننس میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے ملک کے قرضوں میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے حکمرانوں کے مظلوم عوام سے وصول کئے جانے والے جزیہ میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے؟ ملک اور معاشرہ میں امانت دیانت سچ اور صلاحیت و اہلیت کی تذلیل میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے اس عرصہ میں؟ کیا اس میں کوئی شک و شبہ کی گنجائش ہے کہ این آر او میثاقیہ جمہوریت کے مالک و مختار نے جو اعلامیہ جاری فرمایا تھا کہ ”جمہوریت سب سے بڑا انتقام ہوتا ہے“ اس پر عملدرآمد میں اس جمہوریت کے جملے دست و بازو یک جان دو قالب ہیں اور مل کر اس ملک اور عوام سے انتقام لے رہے ہیں اپنی جمہوریت کے ذریعے؟ مگر کس جرم کا انتقام لے رہی ہے یہ جھاڑو بدست جمہوریت اس ملک اور اس کے عوام سے؟ ووٹ دینے کا؟ واقعی اس ملک سے اور اس کے عوام سے اتنا سنگین انتقام کبھی کوئی نہیں لے سکا تھا جیسا یہ جمہوریت لے رہی ہے۔