محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق سیہون اور بھان سعیدآباد شہرکے حفاظتی بندوں پر پانی کا دباؤ مسلسل بڑھتا جارہا ہے، جس کے باعث خدشہ ہے کہ حفاظتی بند کسی جگہ سے بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔ تاہم محکمہ آبپاشی اورواپڈا کا عملہ دن رات بندوں کی مضبوطی میں سرگرم ہے۔ ادھرسیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج اورنیوی کے اہلکاروں کا ریسکیوآپریشن بھی جاری ہےاوراب تک سیکڑوں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ سیلاب سےتحصیل سیہون کے دوسوپندرہ دیہات مکمل طور پر زیرآب آگئے ہیں،جہاں مختلف مقامات پرسات سے بارہ فٹ پانی کھڑا ہونے کے باعث مکانات گرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں اب تک پندرہ سو سے زائد مکانات منہدم ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب چاروں اطراف سے پانی میں گھری تحصیل جوہی کا آج چوبیسویں روزبھی ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔