کراچی (اے ایف پی) سندھ کے شہر میرپور خاص میں ایک قادیانی ڈاکٹر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس اور قادیانی برادری نے بتایا کہ ڈاکٹر مبشر احمد کھوسہ پیر کی شام اپنے کلینک میں مریضوں کو دیکھ رہا تھا کہ نامعلوم حملہ آور اندر داخل ہوئے اور اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہوا اور ہسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے۔ سینئر پولیس افسر ظفر اللہ دھاریجو نے بتایا کہ کلینک کے اندر فائرنگ کے وقت حملہ آوروں کا تیسرا ساتھی باہر نگرانی کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قتل سے آدھ گھنٹہ پہلے ڈاکٹر مبشر کو موبائل پر ایک پیغام ملا تھا جس میں اس سے کلینک سے باہر آنے کے لئے کہا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پیغام بھیجنے والے کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس افسر نے بتایا 2008ء میں بھی میرپور خاص میں ایک قادیانی ڈاکٹر کو اسی طریقے سے قتل کر دیا گیا تھا۔
میر پور خاص: نامعلوم افراد نے کلینک میں گھس کر قادیانی ڈاکٹر کو قتل کر دیا
Sep 24, 2014