شام: داعش کے ٹھکانوں پر پہلی بار امریکی حملے،120 جنگجئو ہلاک

Sep 24, 2014

دمشق + واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) امریکہ اور اس کے اتحادی عرب ممالک نے عراق کے بعد اب شام میں پہلی بار پسند تنظیم دولت اسلامیہ ( داعش ) کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ محکمہ دفاع کے ترجمان ریئر ایڈ مرل جان کربی کے مطابق شام میں کی جانے والی کارروائی میں جنگی طیارے اور ٹام ہاک میزائل استعمال کیے گئے ہیں ۔ شام میں ہونے والی فضائی کارروائی میں پانچ عرب ممالک بھی شامل ہیں ۔ داعش کے کمانڈ اور کنٹرول سسٹم کو  تباہ کر دیا گیا۔ پینٹا گون کے ترجمان نے ان حملوں کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں کارروائی کرنے کا فیصلہ امریکی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن نے اس اختیار کے تحت کیا جو انہیں کمانڈران چیف یعنی امریکی صدر نے دیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں شام کے شمال مشرقی شہر رقا کو نشانہ بنایا گیا ہے جو دولت اسلامیہ کا ہیڈ کوارٹرز ہے ۔ شامی حکومت کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر بھی کہا گیا ہے کہ اسے امریکی حکام نے رفہ کو نشانہ بنانے کے بارے میں مطلع کیا تھا ۔ شام میں حقوق انسانی کی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فارہیومن رائٹس کے مطابق ان حملوں میں 70 شدت پسند مارے گئے ۔ ایک اطلاع کے مطابق القاعدہ کے ذیلی گروپ النصرہ فرنٹ کے 50 ارکان بھی ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونیوالوں کی تعداد 300 ہے ۔ امریکی صدر براک اوباما نے 11 ستمبر کو دولت اسلامیہ کے خلاف امریکی کارروائی کا دائرہ عراق سے بڑھا کر شام تک پھیلانے کا اعلان کیا تھا ۔ دیر الزور ، حسکاہ میں بھی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ شامی وزارت خارجہ کے ترجمان نے حملوں کی تصدیق کرتے کہا امریکہ نے ہمیں آگاہ کر دیا ہے ۔ فرانس کے وزیر خارجہ لوراں فابیئس نے شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ٹھکانوں پر فرانسیسی جنگی طیاروں کے حملوں کے امکان کو مسترد کر دیا ۔  امریکی صدر بارک اوباما نے کہا کہ امریکی فورسز نے میرے حکم پر شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملے شروع کر دیئے۔ داعش کے خلاف اپنے منصوبے کے تحت آگے بڑھیں گے۔ شام میں کارروائی داعش کیخلاف ہمارے اتحاد کا مظہر ہے۔ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں برداشت نہیں کریں گے۔ عرب ممالک کے تعاون کو سراہتے کہا کہ یہ جنگ صرف امریکہ کی نہیں ہے۔ کارروائی میں اردن‘ بحرین‘ قطر‘ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات امریکہ سے تعاون کر رہے ہیں‘ اطلاع کے مطابق شام میں داعش کے 70 القاعدہ کے 50 جنگجو مارے گئے۔

مزیدخبریں