اسلام آباد (خبرنگار+ نیوز ایجنسیاں) قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی نے اہم اجلاس 26 ستمبر کو طلب کرلیا‘ اجلاس میں الیکشن کمشن کی جائزہ رپورٹ اور ریٹرننگ افسران پر دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اس اہم اجلاس میں نادرا، پرنٹنگ پریس اور پی سی ایس آئی آر کے حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں انتخابات سے متعلقہ حقائق نامہ جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن حقائق نامہ 29 ستمبر کو پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا۔ اس دوران مقناطیسی سیاہی، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے مطابق کہ انتخابات میں کوئی بھی چیز خفیہ نہیں رکھی گئی اس سے متعلق شاہ محمود قریشی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، عام انتخابات کی جائزہ رپورٹ پر وضاحت کرچکے ہیں جبکہ 19 ستمبر کو جائزہ رپورٹ انتخابی اصلاحات کمیٹی کو بھی پیش کی گئی اور اب عام انتخابات پر ایک حقائق نامہ بنایا جائے گا جو 29 ستمبر کو انتخابات اصلاحات کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے متعلق ویب سائٹ پر رپورٹ سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی رپورٹ ان کی نہیں ہے۔ عام انتخابات سے متعلق جاری کی گئی رپورٹ عالمی اور ملکی مبصرین کی سفارشات پر مشتمل ہے۔ ترجمان کے مطابق عام انتخابات سے متعلق حقائق نامہ 29 ستمبر کو پارلیمانی کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔