اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات میں فیصلہ کیا گیا چیئرمین این ایچ اے اور ارکان اپنے شاہراہوں کے دورے میں ارکان کمیٹی کو ہمراہ رکھیں گے جبکہ کمیٹی کے چیئرمین داﺅد خان اچکزئی نے کہا پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹیاں عوامی نمائندگان پر مشتمل ہیں۔ قائمہ کمیٹی مواصلات پورے ملک میں وزارت مواصلات اور اس کے ملحقہ اداروں میں کسی بھی قسم کی ناجائز لوٹ مار کرپشن اقرباءپروری کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے سکتی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ذرائع مواصلات میں وسیع ترقی کےلئے جس مالک زمین سے قانون قواعد کے مطابق زمین حاصل کرتی ہے۔ سرکاری خزانے سے ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ پسند ناپسند کی بجائے حقدار کو اُس کی رقم پوری ادا کی جائے اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، قائمہ کمیٹی نے کسی بھی علاقے میں این ایچ اے کو ادائیگیوں سے نہیں روکا لیکن غیرقانونی اور ناجائز ادائیگیوں کے خلاف قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ بیورو کریسی سرکاری خزانے کے بے دریغ استعمال کو روک کر قومی ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سنیٹر داﺅد خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موٹروے سے ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کو راستے دینے کے معاملے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اربن ایریا میں دس کلومیٹر اور رولر ایریا میں پانچ کلومیٹر کے بعد انٹرچینج بنایا جاتا ہے لیکن کم از کم 30 ہزار رہائشی مکانات کی آبادی ضروری ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کسی صورت لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سرکاری خزانے سے ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ حقدار کو اس کی رقم پوری ادا کی جائے، بیوروکریسی سرکاری خزانے کے بے دریغ استعمال کو روک کر قومی ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرے جبکہ چیئرمین این ایچ اے نے کہا غیرقانونی اور ناجائز ادائیگیاں کرنے والے عملہ کے بارے میں ثبوت فراہم کیے جائیں، غلط ادائیگیوں کے ثبوت پر سخت کارروائی کی جائیگی۔
قائمہ کمیٹی مواصلات