ہائیکورٹ نے منتخب ارکان کو اجازت دیدی‘ عمران انتخابی مہم چلا سکیں گے : ہم بھی وزیراعظم‘ وزیراعلی کو بلائیں گے : ایاز صادق

Sep 24, 2015

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینٹ کو ضمنی انتخابات میں امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے حوالے سے الیکشن کمشن کا نوٹیفیکشن معطل کر دیا۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست پر سماعت کی۔ تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی نے عمران سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ پر الیکشن کمشن کی جانب سے انتخابی مہم چلانے پر پابندی کو چیلنج کر رکھا ہے۔ شعیب صدیقی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین اور راہنماﺅں پر الیکشن کمشن کی انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جو ارکان صوبائی و قومی اسمبلی اور سینٹ ہیں۔ الیکشن کمشن کو اس طرح کی پابندی لگانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ پابندی آئین سے متصادم ہے۔ اسے کالعدم قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو معطل کر رکھا ہے لہذا سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور اراکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمشن کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔ تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تمام پارٹیوں کے قائدین اور اراکین اسمبلی اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم چلا سکتے ہیں تاہم وزیر اعظم، وزرائے اعلی اور وزراءپر پابندی برقرار ہے۔
اسلام آباد+لاہور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں+سپیشل رپورٹر) انتخابی مہم چلانے سے پابندی ختم ہوتے ہی عمران خان نے ضمنی الیکشن کی مہم چلانے کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ پانچ روز تک لاہور انتخابی مہم چلائیں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کی پیداوار کو ضمنی الیکشن میں شکست دیں گے۔ ضمنی الیکشن کے لیے پانچ اکتوبر کو لاہور سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب اجازت ملنے پر این اے 122، این اے 154 کی انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلاﺅں گا۔ الیکشن کمشن نے غیرجمہوری طریقے سے انہیں انتخابی مہم سے باہر رکھنے کی کوشش کی۔ لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہائی کورٹ نے تمام ارکان اسمبلی کو ضمنی انتخابی مہم چلانے کی اجازت دیکر آئین اور قانون کی بالادستی کا ثبوت دیا الیکشن کمشن کو چاہئے کہ وہ آئین اور قانون پر عمل درآمد اور اس کے مطابق فیصلے کرے۔حلقہ این اے 122میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہم بھی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو انتخابی مہم میں بلائیں گے۔

عمران/ مہم

مزیدخبریں