لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرح پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی رواں سال کے اختتام تک ہاکی پریمیئر لیگ کے انعقاد کے بارے غور کررہا ہے۔پی ایچ ایف سیکرٹری شہباز احمد کے مطابق فی الحال فیڈریشن کے حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے اور اس موقع پر کچھ ٹھوس کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ٹورنامنٹ آئندہ 90 روز میںکرانے کی کوشش کریں گے۔ فوری ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی ممکن نہیں تاہم اگلے سال سے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ بحال ہو جائے گا۔ جرمنی اور ارجنٹائن کو دورہ کی دعوت دیدی ہے ۔ ایسے تمام سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ رکھیں گے جو اگلے تین چار سال تک پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ سینئر اور جونیئر کھلاڑی کے اشتراک سے بہترین ٹیم تشکیل دی جا سکتی ہے‘ فوری پاکستان سینئر ٹیم کی کوئی مصروفیت نہیں ‘وقت ہے کہ بہترین ٹیم تشکیل دی جائے۔ ہمارا فوکس جونیئر ٹیم ہے۔ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عید کے بعد مزید جونیئر کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگایا جا رہا ہے تاکہ بہترین کھلاڑیوں کا بیک اپ تیار کیا جا سکے۔ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ایجنڈا کی تکمیل کے بعد بلایا جائے گا فوری طور پر اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔