برسلز (بی بی سی+ ایف پی) یورپی یونین کے رہنماﺅں نے برسلز میں بلوائے گئے ہنگامی اجلاس میں تارکین وطن کی آباد کاری کے لئے مختص کئے جانے والے متنازع کوٹے کی منظوری سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ادھر یورپی یونین کے ایگزیکٹو کمشن نے پناہ گزینوں کیلئے مزید 1.7 ارب یورو مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ جبکہ 3 گھنٹے کے دوران 2500 پناہ گزین یونانی جزیرے لیبوس پہنچے ہیں۔ اکثریت افغانوں کی ہے۔
بدھ کو ہونے والے ہنگامی اجلاس میں یورپی ممالک کی سرحدوں پر سخت اقدامات کرنے اور شام میں امداد کی فراہمی بڑھانے پر بات ہوگی۔ وزارتی اجلاس کے بعد برطانوی وزیراعظم نے فرانسیسی صدر سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں کا اتفاق تھا کہ شام کے مسئلے کا حل ہی تارکین وطن کے مسئلے کے حل میں مددگار ہوگا۔ برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جن لوگوں کے پاس پناہ کے لئے ٹھوس وجہ نہیں انہیں واپس لوٹانے کے لئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔