نظریہ پاکستان ٹرسٹ تحریک قیام پاکستان کے اغراض و مقاصدکو اجاگر کرنے میں اہم کردارادا کررہا ہے:شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے چیئرمین رفیق تارڑ کی قیادت میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وفدنے ملاقات کی۔ٹرسٹ کے چیئرمین اوردیگر عہدیدارا ن نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباددی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ تحریک قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔نئی نسل کو نظریہ پاکستان اور تحریک قیام پاکستان سے آگاہی دینے کے حوالے سے بھی ٹرسٹ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ نظریہ پاکستان اورتحریک قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرنے کے حوالے سے مجید نظامی مرحوم کی کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ میرا یقین ہے کہ مجید نظامی مرحوم کے بعد ٹرسٹ میں موجود قدآورشخصیات پوری تندہی اورویژن کیساتھ پروگرام کو آگے بڑھارہی ہیں۔مجید نظامی مرحوم کی قیادت میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے جس کام کا بیڑہ اٹھایا تھا اسے آپ نہایت اچھے طریقے سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے پہلے بھی نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے پروگراموں میں بھرپور تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ رفیق تارڑ نے کہا کہ آپ محنت اور جذبے کیساتھ ملک اور قوم کی خدمت کررہے ہیں،اللہ تعالیٰ آپ کو اس سے بھی بڑھ کر خدمت کی ہمت دے۔ وفد میں جسٹس(ر)میاںمحبوب احمد، ڈاکٹر رفیق احمد، جسٹس (ر) خلیل الرحمان، سیکرٹری شاہد رشید، میاں فاروق الطاف اوردیگر شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن