لاہور/ جنڈیالہ شیر خان/ فیروزوالہ/ مظفر آباد/ ملتان (سٹاف رپورٹر+ نمائندگان) مظفر آباد میں اٹھ مقام پر مسافر بس دریائے نیلم میں جا گری جس سے 23 افراد جاں بحق، 3 زخمی جبکہ 14 لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے تاہم اندھیرے کے باعث تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مسافر بس کیل سے مظفر آباد جا رہی تھیجس میں 40 افراد سوار تھے۔علاوہ ازیں دیگر حادثات میں کار سوار میاں بیوی، بیٹے سمیت جبکہ دو موٹر سائیکل سوار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ لاہور میں اسلام پورہ کے علاقہ میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔ محمد عزیز اور عثمان موٹر سائیکل پر بند روڈ پر جا رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والے تیزرفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس سے عزیز اور عثمان شدید زخمی ہوگئے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور عبدالنبی کو گرفتار کر کے ٹرک کو قبضہ میں لے لیا۔ مرنے والے افراد کا تعلق ساہیوال سے بتایا گیا ہے۔ واقعہ پر متوفی کے ورثاء دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ پولیس نے نعشیں ورثا کے حوالے کر دیں جو تدفین کے لئے آبائی علاقہ لے گئے۔ دریں اثناء شیخوپورہ روڈ پر ٹرک اور کار کے درمیان تصادم میں میاں بیوی پوتے سمیت جاں بحق ہو گئے۔ شیخوپورہ کا 55 سالہ یعقوب اپنی بیوی 50 سالہ شہناز اور بیٹے، دو بیٹیوں اور ایک رشتہ دار خاتون کے ہمراہ کار پر شادی میں شرکت کے بعد مریدکے سے شیخوپورہ آ رہا تھا تھانہ صدر کی حدود سیخم کے قریب سامنے سے آنے والے تیزرفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں میاں بیوی اور بیٹا موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دو بیٹیاں اقرائ، ملکہ اور فیضہ بی بی زخمی ہو گئیں۔ مریدکے پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں گرے والا صدر ملتان میں ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں تصادم سے دو خواتینسمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔