باجوڑ ایجنسی (صباح نیوز+آئی این پی) سکیورٹی فورسز نے افغان دہشتگردوں کی جانب سے مہمند ایجنسی اور باجوڑ ایجنسی میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ ناکام بنا دیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں نے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جسے پاک فوج اور ایف سی کے اہلکاروں نے ناکام بنا دیا اور دہشتگردوں کو بھاگنے پرمجبور کر دیا۔ ترجمان کے مطابق مہمند ایجنسی کے شیخ بابا اور باجوڑ میں نوا پاس سیکٹرپرقائم پاکستانی بارڈر مینجمنٹ کی مختلف چیک پوسٹوں پر بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا جس کے جواب میں پاک فوج اور ایف سی اہلکاروں نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا تاہم حملے میں کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ دوسری جانب وانا کے علاقے کرکنڑا میں وانا میں نامعلوم افراد نے سیبوں سے بھرے 4ٹرکوں کو نذر آتش کر دیا ،ڈرائیور اور کلینرز اغوا کر لیا ،ٹرکوانا سے سیب لے کر ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے ، سپین تنگی ڈیم کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ٹرکوں کو روک کر آگ لگا دی ۔ذرائع نے بتایا کہنامعلوم مسلح افراد ان ٹرکوں کے ڈرائیوروں اور کلینرز کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے ۔