حیدر آباد (نمائندہ نوائے وقت) سینئر صوبائی وزیر خوراک و صدر پیپلز پارٹی سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف اس قوم کا قاتل ہے جس نے پہلے جمہوریت اور پھر اس نظام کو قتل کیا اور اس کے بعد عوام کی ہر دل عزیز قائد بے نظیر بھٹو کا قتل بھی پرویز مشرف کے دور حکومت میں ہوا کیونکہ انہوں نے کئی بار ایسے بیانات اور اشارے دیئے تھے کہ وہ محترمہ کو ملک میں آنے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف ہی نے اس ملک کو دہشت گردی کی جنگ میں جھونکا جس کے نتیجے میںلاکھوں جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہاکہ نشترپارک جلسے پر حملے 12مئی اور 18 اکتوبر کو سینکڑوں افراد کو قتل بھی مشرف نے کرایا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے نظیر قتل کیس میں متعلقہ ادارے پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے لاکر وطن لاکر کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ اس موقع پر مولا بخش چانڈیو، سید علی نواز شاہ، سینٹر عاجز دھامرہ، صغیر قریشی، علی محمد سہتو اور دیگربھی موجود تھے۔
سانحہ 12 مئی اور 18 اکتوبر کا ذمہ دار بھی مشرف ہے: نثار کھوڑو
Sep 24, 2017