سیالکوٹ/ پسرور/ نارووال (نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے ورکنگ بائونڈری لائن کے قریب واقعہ پاکستانی دیہات بینی سلہریاں آمد سے آدھا گھنٹہ قبل بھارتی سیکورٹی فورسز نے ورکنگ بائونڈری لائن پر واقع پاکستانی دیہات باجڑہ گڑھی پر فائر کردیا جس سے گائوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ مکین امجد نے بتایا کہ فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے گائوں کے زیادہ تر لوگ پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں۔ احسن اقبال اوروفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے شہدا کے ورثا سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی اور بھارتی فورسز کی طرف سے برسائے جانے والے مارٹر کا معائنہ بھی کیا ہے۔ ڈی جی رینجرز اظہر نوید حیات نے انہیں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے سول آبادی پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ اور مارٹرگولہ باری کے بارے میں آگاہ کیا اور نقصانات کے بارے بریفنگ دی۔ چناب رینجرز کی جوابی کاروائی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ آن لائن کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اگر بھارت باز نہ آیا تو اسکی اینٹ سے اینٹ بجا دی جائیگی اور بھارت کی سکیورٹی فورسز کو جہنم واصل کردیا جائیگا۔ بھارت ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لے۔ احسن اقبال اور زاہد حامد نے فائرنگ اور شیلنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔ زاہد حامد نے کہا کہ ورکنگ بائونڈری اور ایل او سی پر 50 حفاظتی بنکرز بنائے جائیں گے، ورکنگ بائونڈری کے دیہات میں بھارتی فائرنگ اور شیلنگ سے متاثرہ افراد کیلئے بکتربند ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والے افراد رانا وسیم احمد، شکیلہ بی بی، مریم بی بی، مریم محمود اور سکیورٹی اہلکارکے ورثا سے اظہار تعزیت کی اور شہدا کے ورثا کو حکومت کی طرف سے 5، 5 لاکھ روپے اور چناب رینجرز کی طرف 50، 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستانی سول آبادی پر مارٹر گولے برسا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے نہیں ہٹا سکتا۔ علاوہ ازیں نارووال سے نامہ نگار کے مطابق احسن اقبال نے نارووال یوتھ ونگ کے عہدداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بہلانے کیلئے کئی بہروپئے آئے پاکستان کے نوجوانوں نے انکو مسترد کردیا، کوئی اناڑی پاکستان کی ترقی نہیں کرسکتا ہے، 20کروڑ عوام کی چابی کسی اناڑی کے ہاتھوں میں کیسے دی جا سکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018ء کا الیکشن جیت کر وزارت خیرات بنائے گی جو عمران خان کو دی جائیگی کیونکہ عمران کا چندہ مانگنے میں کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ ٹانگیں کھینچے میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔ شیخ رشید اور عمران خان کو اگر یورپ بھیج دیا جائے تو وہاں کا بھی ستیاناس کردیں گے۔ عمران ستیاناس بریگیڈ کے سربراہ ہیں۔دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق کنٹرول لائن نکیال سیکٹر میں شہری آبادی پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی، جس سے ایک لڑکی شہید اور 2افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے آبادی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔ فائرنگ سے شہید 22سالہ تاشیا ولد محمداقبال بالاکوٹ گائوں کی رہائشی تھی‘ 18سالہ انیقا شدید زخمی ہے۔